ڈیلی بائیٹس

ایلون مسک نے پاکستان کی مشہور زمانہ ’میم‘ ٹوئیٹ کردی

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے امریکی حکومت پر طنز کرنے کے لیے پاکستان کی مشہور زمانہ ’میم‘ ٹویٹ کر دی۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق اس میم میں پاکستانی شہری صارم اختر، جو کرکٹ کے بہت بڑے مداح ہیں، پاکستانی ٹیم کے ہارنے پر افسردگی، اکتاہٹ اور غصے کے ملے جلے تاثرات چہرے پر لیے کھڑے ہوتے ہیں۔ یہ میم اس قدر وائرل ہوئی کہ صارم اختر کو عالمی سطح پر شہرت حاصل ہو گئی اور آج بھی لوگ مخصوص صورتحال میں اس میم سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں۔ 

ایلون مسک نے یہ میم امریکی حکومت کی طرف سے ایک روسی قیدی کے بدلے امریکہ کی خاتون باسکٹ بال کھلاڑی کو رہا کروانے کے معاملے پر طنزیہ طور پر پوسٹ کی۔ قیدیوں کے اس تبادلے میں کہا جا رہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے روس کے ایک جنگی جرائم کے قیدی کے بدلے اپنی اس خاتون باسکٹ بال کھلاڑی کو رہا کروانے کی کوشش کر رہا ہے جوسامان سے  چرس برآمد ہونے کی وجہ سے روس میں قید ہے۔ایلون مسک نے اس میم کے ساتھ امریکی حکومت پر طنز کرتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ”امریکی جیلوں سے جو لوگ چرس کی وجہ سے قید ہے، شاید انہیں بھی رہا کر دیا جائے گا؟“

واضح رہے کہ برٹنی گرینر امریکہ کی قومی باسکٹ بال ٹیم کا حصہ تھی جسے 17فروری کو ماسکو کے شریمیتیوو ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے سامان سے مائع حالت میں چرس برآمد ہوئی تھی۔ اس کے خلاف ایک روسی عدالت میں مقدمہ زیر سماعت ہے۔ برٹنی کے علاوہ ایک امریکی فوجی پاؤل ہیلن بھی روس میں قید ہے۔ امریکہ نے ان دونوں کی رہائی کے لیے روسی حکام سے رابطہ کیا ہے جنہوں نے اپنے وکٹر باؤٹ نامی قیدی کے بدلے ان دونوں کو رہا کرنے میں دلچسپی دکھائی ہے۔وکٹر باؤٹ اسلحے کا تاجر ہے جو امریکی جیل میں 25سال قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »